الیکٹرونک ٹول سسٹم کو بتدریج قومی شاہرات تک توسیع دی جائیگی:اسعد محمود

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اورفرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے درمیان موٹرویز پر الیکٹرانک ٹول پلازوں کی تنصیب  بارے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔اس تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز جناب اسعد محمود تھے۔اس موقع پر مواصلات کے وفاقی سیکرٹری و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل جناب میجر جنرل کمال اظفر،انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس جناب خالد محمود سمیت وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے سینیئر افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر آئی ٹی  فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن  بریگیڈیئر (ر)آصف صدیق نے  منصوبے بارے بریفنگ دی۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے ممبرفنانس جناب محمد اظہر اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی طرف سے ڈائریکٹر آئی ٹی بریگیڈیئر (ر)جناب آصف صدیق نے دستخط کئے۔اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز جناب اسعد محمود نے کہا کہ موٹرویز پرٹول ٹیکس کی الیکٹرانک نظام کے ذریعے و صولی کے اس معاہدے کا دورانیہ 7 سال کا ہے،جسے 3 سال کی مزید توسیع دی جاسکے گی۔الیکٹرا نک ٹولنگ سسٹم میں جدید مشینری کی تنصیب،آپریشنل اینڈ منیجمنٹ سروسز اور اس سے متعلقہ دیگر خدمات بشمول فائبر آپٹک طریقہِ ترسیلِ شامل ہیں۔ اس فائبر رابطہ کا مقصد موٹرویز محصولات کے حوالہ سے درست اعداد و شماراکٹھا کرنا اور ایم ٹیگ یعنی پیشگی الیکٹرانک محصول ادائیگی سے جڑے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ٹول ٹیکس کی دستی ادائیگی کے بجائے الیکٹرانک وصولی، ٹریفک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔جناب اسعد محمود نے کہا کہ ای ٹولنگ کا سب سے بڑا مقصد ٹریفک اور تجارتی سرگرمیوں کو رواں دواں رکھنا اور مسافروں کا مکمل تحفظ یقینی بناناہے۔اس معاہدے پر عملدرآمد سے موٹرویز پر سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔موٹرویز پر قائم تمام ٹول پلازوں  کے آپس میں مربوط اور ہم آہنگ ہونے سے وقت کی بچت ہوگی اوروہاں انتظار کی زحمت کے بغیر سبک ٹریفک رواں دواں رہے گی۔ جناب اسعد محمود نے کہا کہ الیکٹرانک ٹول سسٹم کو بتدریج ملک کی قومی شاہرات تک توسیع دی جائے گی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موٹرویز پر ٹول ٹیکس کی الیکٹرانک وصولی کا منصوبہ 8 ماہ میں مکمل کرلیاجائے گا۔انہو ں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری منصوبوں کو قومی جذبے کے ساتھ جلد ازجلد مکمل کیاجائے۔ 
اسعد محمود

ای پیپر دی نیشن