کنور نوید جمیل 10گھنٹے آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے ڈپٹی کنوینر اور رکنِ سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل کو 10 گھنٹوں کے طویل آپریشن کے بعد آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ بحری امور فیصل سبزواری نے کہا کہ کنور نوید جمیل بھائی کو 10 گھنٹے کے آپریشن کے بعد آئی سی یو میں شفٹ کیا گیا۔متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما و وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر و رکنِ سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل کیلئے عوام سے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی۔ 

ترجمان متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل کو برین ہیمرج کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا۔
متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ کنور نوید جمیل کو برین ہیمرج کی شکایت سامنے آنے کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔رکنِ سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم (پاکستان) نے کہا کہ پاکستانی قوم سے ان کی صحتیابی کیلئے دعا کی درخواست کرتے ہیں۔
گزشتہ روز ایم کیو ایم کے رکنِ سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ کنور نوید جمیل رکنِ قومی اسمبلی اور میئر حیدر آباد بھی رہ چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن