وزیر اعظم شہباز شریف نے اگلے چودہ ماہ میں ملک کو معاشی استحکام کی طرف گامزن کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے آج اسلام آباد میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے زیر اہتمام ٹرن ارائونڈ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے سیاسی استحکام درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہو گا اور طویل المیعاد فیصلے کرنا ہوں گے جس سے ملک کی تقدیر بدلے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی ادارے سے دو ارب ڈالر حاصل کرے گا تاہم ہماری حتمی منزل خود انحصاری کا حصول ہے کیونکہ آزادانہ سیاسی اور معاشی فیصلے کرنے کی یہ واحد ضمانت ہے۔منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شعبہ جاتی اصلاحات پر کاربند رہتے ہوئے اور صنعتی اور زرعی شعبوں کو ترقی دیکر برآمدات بڑھانے سے خود انحصاری حاصل کر سکتا ہے۔مساوی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کے 20 غریب اضلاع کی ترقی کے لئے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے تاکہ ترقی کے فرق کو ختم کیا جا سکے۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اب دیوالیہ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بنیادی خسارے کو سولہ سو ارب روپے سے کم کر کے ایک سو پچیس ارب روپے تک لانا چاہتے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملکی معیشت کو درست راستے پر گامزن کرنے کے لئے ہر پاکستانی کو ٹیکس دینا چاہئے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کے استحکام کے لئے مشکل فیصلے کئے ہیں اور وہ اس سلسلے میں مزید فیصلوں سے بھی گریز نہیں کرے گی۔