لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی سربراہ کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے خارج کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ پہلے سے دائر اسی نوعیت کی درخواست کی موجودگی میں دوسری درخواست قابل سماعت نہیںہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے مئوقف اپنایا کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت تین مقدمات میں تحریک انصاف کے سربراہ کی عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کر دی۔ عمران خان ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔ تحریک انصاف کے سربراہ کے خلاف جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور پولیس سٹیشن شادمان پر حملے کے الزام میں مقدمے درج ہیں۔ عدالت نے ظل شاہ قتل اور ہنگامہ آرائی کے دو مقدمات میں بھی ضمانت کی درخواستوں میں محفوظ فیصلے کی تاریخ میں بھی توسیع کر دی۔
پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف مقدمات کی تفصیل‘ ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست خارج
Jun 28, 2023