لاہور +سرگودھا( آئی این پی +نیٹ نیوز+نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے 7 اہم سیاسی رہنماؤں نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی۔ سیاسی رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی کی اشتعال انگیز سیاست خصوصاً 9 مئی کے واقعے کی مذمت کی۔ پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے والوں میں سابق نائب صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب، سابق صدر لاہور، سابق چیئرمین زکوت و عشر اور امیدوار این اے 127 شبیر سیال، سابق جوائنٹ سیکرٹری لاہور امیدوار این اے 118 میاں سلمان شعیب، امیدوار پی پی 154 محمد علی خان شامل ہیں۔ پارٹی الیکشن سٹریٹجی پلانر، پی ٹی آئی الیکشن سیل کے سربراہ خرم قریشی، سابق صدر آئی ٹی ایف کرامت علی ، سابق پارٹی صدر کینٹ، امیدوار پی پی 155 میجر (ر) جاوید ضمیر نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔ پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے والوں کا کہنا ہے وہ مزید کسی شرپسند پارٹی کا حصہ نہیں رہ سکتے اس لیے وہ پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔ منڈی بہاالدین سے آئی این پی کے مطابق سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل نے بھی تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ نذر محمد گوندل کا کہنا ہے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہوں اور پارٹی کو خیرباد کہہ دیا ہے، اداروں کے ساتھ تصادم کی سیاست پر یقین نہیں ۔ انہوں نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت منفی سیاست کر رہے ہیں جو ملکی مفاد میں نہیں، لہذا میں پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔سرگودھا میں تحریک انصاف کے کپتان کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی پیر آف سیال شریف بھی پی آئی کو خیرباد کہنے والوں میں شامل ہو گئے۔گزشتہ روز پیر آف سیال شریف صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی نے تحریک انصاف کو خیرناد کہہ دیا۔پیر آف سیال شریف صاحبزدہ محمد قاسم سیالوی نے کہا 9 مئی کے واقعات پر دل آج بھی رنجیدہ ہے۔اس واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
پیر آف سیال شریف سمیت 7اہم سیاسی رہنماؤں کی پی ٹی آئی سے علیحدگی
Jun 28, 2023