لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے راسخ الٰہی کی درخواست پر سماعت 6 جولائی تک ملتوی کردی۔ ایف آئی اے نے جواب جمع کرا دیا، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی کے خلاف دو مقدمات درج ہیں، ایک مقدمہ میں ضمانت جبکہ دوسرے مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، آج کی تاریخ تک پرویز الٰہی کے خلاف کوئی نیا مقدمہ درج نہیں ہے۔ وکیل پرویز الٰہی نے کہا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ مبہم ہے، اس میں یہ نہیں بتایا کہ اب پرویز الٰہی کی کسی پرانے مقدمہ میں گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔ ادھر سیشن کورٹ نے چودھری پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ نہ دینے کیخلاف اپیل پر فریقین سے4 جولائی کو جواب طلب کر لیا۔ ایف آئی اے نے سابق وزیراعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر کا جسمانی ریمانڈ کی بجائے جوڈیشل ریمانڈ دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر رکھی ہے۔