10گھنٹے تک لوڈ شیدنگ، عید کے 3روز بجلی بند نہ کرنے کا فیصلہ

Jun 28, 2023

اسلام آباد+ لاہور (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال 6 ہزار 301 میگاواٹ ہو گیا، بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار200 میگاواٹ جب کہ طلب 28 ہزار 801 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے، ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق اس وقت پاکستان میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال 6 ہزار 301 میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار200 میگاواٹ ہے۔ ملک بھر میں بجلی کی طلب بڑھ کر 28 ہزار 801 میگاواٹ ہو گئی ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، گرمی کی شدت کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے۔ وزرات توانائی ڈویژن کے ذرائع مطابق ملک میں پن بجلی کی پیداوار6 ہزار 598 میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 935 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 10 ہزار 503 میگاواٹ ہے جبکہ لاہور کے علاقے برڈ وڈ روڈ پر 16 ‘ 16 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ شکایات درج کروانے کے باوجود دادرسی نہیں کی جا رہی۔ وزارت توانائی نے عیدالاضحیٰ کے 3 روز ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع وزارت توانائی کے مطابق وزارت توانائی نے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے تفصیلات مانگ لیں۔

مزیدخبریں