وزیراعظم کا ایم ڈی آئی ایم ایف کو فون، معاہدے پر گفتگو

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی، نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناقص کارکردگی کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، وزیراعظم نے آئندہ دنوں میں متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کیلئے مکمل تیاری کرنے اور عیدِ قرباں کے دنوں میں انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عید قرباں پر شمالی پنجاب بالخصوص لاہور میں متوقع پری مون سون بارشوں کے حوالے سے تیاری پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں کے پیش نظر لاہور میں سیلابی صورتحال میں ناقص کارکردگی کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ناقص نکاسی آب کی صورتحال کی ذمہ داران کا تعین کرکے کوتاہی برتنے والے متعلقہ حکام کو فی الفور معطل کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ شدید بارش میں متعلقہ اداروں کے سست اقدامات نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا۔ انہوں نے آئندہ دنوں میں متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کیلئے مکمل تیاری اور عیدِ قرباں کے دنوں میں انتظامیہ کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عید کے دنوں میں ممکنہ بارشوں کی صورت میں تمام دستیاب وسائل کو بھر پور استعمال کرتے ہوئے ایمرجنسی پلان مرتب کرنے اور شہر میں جلد از جلد نکاسی آب کو ممکن بنانے کے لئے درکار مشینری کے حصول میں درپیش مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں عید کے دوران قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی سخت مانیٹرنگ کریں تاکہ کوئی ممنوعہ تنظیم قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کر سکے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی صورتحال کی بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی آئندہ ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کومنگل کو علی الصبح ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے امور پر گفتگو کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے وزیراعظم سے پیرس میں ہونے والی ملاقاتوں کے تناظر میں وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کی آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے حوالے سے کوششوں کا اعتراف کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی آئندہ ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے وزیراعظم سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری چاہتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے قائدانہ عزم کو سراہا۔جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزارت سے متعلقہ امور کے علاوہ ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور  باہمی دلچسپی کیدیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حجاج کرام ، تمام پاکستانیوں اور امت مسلمہ کو حج کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ پاکستان کی تمام معاشی مشکلات دور ہوں اور پاکستان ترقی، امن و خوشحالی کا گہوارہ بنے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں فریضہ حج کی ادائیگی کرتے لاکھوں عازمین حج، تمام پاکستانیوں اور امت مسلمہ کو میری طرف سے حج 1444ھ بہت بہت مبارک ہو، حج کے موقع پر میری بارگاہِ ربِ جلیل میں یہ دعا ہے کہ پاکستان کی تمام معاشی مشکلات دور ہوں اور پاکستان ترقی، امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...