اسلام آباد : پاک سوزوکی کمپنی نے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے پلانٹ کی عارضی بندش میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک سوزوکی کمپنی کی جانب سے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے پلانٹ کی عارضی بندش میں توسیع کردی اور اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا۔
کمپنی اعلامیے میں کہا گیا کہ انتظامیہ نے خام مال کی کمی کی وجہ سے عارضی بندش میں توسیع کردی ہے، اب موٹرسائیکل اور گاڑیوں کاپلانٹ عارضی طورپر15جولائی تک بند رہے گا۔اعلامیے میں کہنا تھا کہ پاک سوزوکی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے۔
یاد رہے 19 جون کوموٹر سائیکل ،گاڑیوں کا پلانٹ 22 جون سے8 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان ہوا تھا۔
خیال رہے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس میں پاک سوزوکی بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا ، دستاویز میں کہا گیا کہ پاک سوزوکی نے 8 جولائی تک پلانٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاک سوزوکی نے پلانٹ کی بندش سے آگاہ کرنے کا مراسلہ بھی جاری کیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ پاک سوزوکی کے پاس خام مال ختم ہوچکا ہے ان کے پاس خام مال پورا نہیں ہے.موٹر سائیکل اور گاڑی کے امپورٹڈ پارٹس کی قلت ہے۔