لاہور(کامرس رپورٹر ) اوور سیز پاکستانی رائیونڈ روڈپر واقع او پی ایف سو سائٹی کے رہائشی بجلی و دیگر سہولتوں کی عدم دستیابی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن او پی ایف وزارت سمند پار پاکستانیز و ترقی و انسانی وسائل کے دفتر کے سامنے فیروز پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا اوورسیزپاکستانیز فاؤنڈیشن او پی ایف کی انتظامیہ ہم سے کروڑوں روپے وصول کر چکی ہے۔ ہم نے ڈویلوپمنٹ چارجز بھی مکمل ادا کردیئے ہیں۔ 3 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود نہ ہمیں بجلی دی جارہی ہے، نہ گیس کی سہولت موجو د ہیں، صفائی اور سیورج کا بھی کوئی انتظام نہیں، سکیورٹی کی بھی صورت حال انتہائی ناقص ہے۔ہم نے اپنی زندگی کی جمع پونجی یہاں انویسٹ کر دی ہے۔ لیکن ڈی جی اوردیگر عملہ کا رویہ انتہائی غیرذمہ درانہ ہے۔ہم دفتر کے چکر لگا لگا کر تنگ آچکے ہیں لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوتی۔ہماری وزیر اعظم اور وفاقی وزیر سمند پار پاکستانی و ترقی و انسانی وسائل سالک حسین سے اپیل ہے کہ اوور سیز پاکستانیو ں کے ساتھ ناروسلوک اور سہولتوں کی عدم دستیابی کا نوٹس لیکر ہمارے مسائل حل کروائیں ورنہ ہم احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیں گے۔