لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے خاندانی صلح کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کا چودھری پرویزالٰہی کی رہائی میں کوئی کردار نہیں، ہماری کسی قسم کی کوئی خاندانی صلح نہیں ہوئی، یہ سب باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے شجاعت صاحب کو ایک پیغام دیا ہے جب تک ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ واپس نہیں ہوگا کوئی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی ہی نہیں بلکہ چودھری پرویزالٰہی بھی پی ٹی آئی کے ساتھ رہیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی ق لیگ میں جانے کو نہ اب تیار ہیں اور نہ آئندہ ایسا ہوگا۔ ق لیگ اب ایک ایسی جماعت بن چکی ہے جو چوری کے مینڈیٹ پر قائم ہے، کوئی بھی عقل اور شعور رکھنے والا شخص ق لیگ کا ممبر نہیں بن سکتا۔ قیصرہ الٰہی نے مزید کہا کہ چودھری شجاعت کے دونوں بیٹے سارا وقت ہمارے خلاف جھوٹ پھیلانے میں مصروف رہتے ہیں۔