لاہور ( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت لانے اور بچت سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ٹھیکوں کے رولز میں ترامیم کر دیں۔پنجاب حکومت نے ای پروکیور منٹ اور دیگر امور کے لئے پنجاب پروکیورمنٹ رولز میں 5 ترامیم کی منظوری دیدی۔محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق سب سے کم بڈ دینے والے سے مزید کمی کے لئے بات چیت بھی کی جاسکے گی،یہ فیصلہ پنجاب کے 600ارب روپے سے زائد کے پراجیکٹس کے ٹھیکے دینے سے قبل کیا گیا۔میگا پراجیکٹس کے ٹھیکوں سے متعلق سب سے کم بڈ دینے والوں سے بات چیت کے لئے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تین رکنی کمیٹی میں متعلقہ محکمے کا سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ پنجاب، سیکرٹری قانون پنجاب بھی شامل ہوں گے۔محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ پنجاب پروکیورمنٹ رولز میں 5 ترامیم پر عملدآمد سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کی بچت بھی ہو سکے گی۔