شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ امریکی کانگریس کی پاکستان میں انتخابات کے بارے میں قرارداد پاکستان کی خودمختاری پر سنگین حملہ ہے اور کھلی مداخلت ہے۔ اس قرارداد پر پی ٹی آئی کا شادیانے بجانے سے بانی پی ٹی آئی کے بیانیہ کی نفی ہے۔ اب پی ٹی آئی کو ایبسولیوٹلی ناٹ کا بیانیہ بدل کر ایبسولیوٹلی یس کا بیانیہ رکھ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پوری دنیا میں انتشار اور فساد کا باعث بننے والا ملک ہے۔ یہ کبھی پاکستان میں آمریت کو سپورٹ کرتے ہیں اور پھر اب ہمیں جمہوریت کا درس دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے غزہ میں انسانیت کو لہو لہو کرنے والوں کی مکمل سپورٹ کی ہے اور دوسری طرف ہمیں حق آزادی رائے اور جمہوریت کا درس دے رہا ہے۔