چین قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت، استعداد کار بڑھانے میں تعاون کریگا، محسن نقوی سے چینی ہم منصب کی ملاقات

اسلام آباد (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے) وزیرداخلہ محسن نقوی  نے چینی ہم منصب کیوآئی یانجن سے اہم ملاقات  کی جس میں پاک چین تعلقات اور سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ  میں چینی مشن کے دفتر  میں ہوئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چین کے تعاون، ٹریننگ اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے بھی گفتگو ہوئی۔ کیوآئی یانجن نے اسلام آباد میں غیر ملکیوں خصوصاً چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے ایس پی یو کے قیام کے اقدام کو سراہا۔ کیوآئی یانجن نے ایس پی یو کی ٹریننگ اور دیگر امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین ہر موسم کے دوست ہیں۔  پاکستان اور چین کی دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ چین پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ و استعدادکار بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گا۔  وزیرداخلہ نے داسو میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ چینی وزیر داخلہ نے کیس پر  پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور کہا پاکستانی اداروں نے محنت اور پروفیشنل انداز میں اس کیس کو ٹریس کیا۔  چینی ہم منصب نے محسن نقوی کو ستمبر میں چین میں ہونے والی گلوبل سکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت دی۔ وزیرداخلہ نے  چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ  چین کی وزارت داخلہ کا ایڈوائزی گروپ جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ چین سے دوستی پر ہم سب کو فخر ہے۔

ای پیپر دی نیشن