ترقیاتی منصوبوں کیلئے 400 ملین فوری دینے کا حکم، گاڑیوں، دفاتر پر پیسے لگتے ہیں تو ہسپتالوں پر کیوں نہیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 400ملین روپے فوری طور پر ریلیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے گوشت، جھینگوں، جانوروں اور گارمنٹس کی برآمدات کے لئے کمپنی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے  اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 25-2024 کا  جائزہ لیا گیا۔  تمام ڈیپارٹمنٹس کے ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم  نے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنانے اور تمام پراجیکٹس کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے پی آئی ٹی بی کو ڈیش بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ بہت کام کرنا ہے، تمام سکیموں کے پی سی ون 15 جولائی تک جمع کروائے جائیں۔ تمام سکیموں کو وقت پر مکمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پراجیکٹ میں شفافیت، معیار اور میعاد کی مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ گاڑیوں اور دفاتر پر پیسے خرچ ہوتے ہیں تو ہسپتالوں پر کیوں نہیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں موٹرویز کے ہر انٹرچینج پر ایمبولینس شروع کی جارہی ہے۔ 106ترقیاتی منصوبے غیر ملکی اداروں کی معاونت اور اشتراک کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے فنڈز کے استعمال کی بنیاد پر باقی مختص فنڈز بھی جاری کرنے اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے25فیصد فنڈسہ ماہی بنیاد پر جاری کرنے کی ہدایت کی۔  مریم نواز نے ہر ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی سکیموں پر بریفنگ لی اور ہدایات جاری کیں۔  چیچہ وطنی تا لیہ 189کلو میٹر سڑک اورملتان تا وہاڑی 93 کلو میٹر روڈکی تعمیر شروع کرنے کیلئے 13اگست تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساہیوال تا سمندری اور بہاولنگر تا جھانگرا شرقی انٹرچینج روڈ کی تعمیر کا آغاز بھی 13اگست تک کردیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے ایس ایم ایز کو ترقی دینے اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ چھوٹے کاروباروں میں سرمایہ کاری اقتصادی استحکام اور معاشی خوشحالی کے لئے ضروری ہے۔ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ حکومت ایم ایس ایم ایز کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور مدد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ایس ایم ایز صرف اقتصادی ترقی ہی نہیں بلکہ معاشی عدم مساوات کم کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ پنجاب میں ایس ایم ایز کے ذریعے روزگار کے بڑے مواقع میسر ہیں۔ پنجاب حکومت زراعت، لائیو سٹاک اور گارمنٹس سمیت ہر شعبے میں ایس ایم ایز کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن