لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مالی سال 25-2024ء کے فنانس بل پر دستخط کر دیئے۔ گورنر کی منظوری کے بعد یہ پنجاب فنانس ایکٹ 2024ء ہے جس کا اطلاق پورے صوبہ پر ہوگا۔ فنانس بل سپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے منظوری کے لیے سردار سلیم حیدر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ فنانس بل کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی نے مالی سال 25-2024ء کے فنانس بل کی منظوری دے دی تھی جبکہ اس سے ایک روز قبل پنجاب اسمبلی میں بجٹ پر بحث مکمل ہونے کے بعد ایوان نے 39 کھرب 86 ارب 69کروڑ 20لاکھ 68ہزار روپے مالیت کے 41 مطالبات زر کی منظوری دے دی گئی اور اپوزیشن کی 15 کٹوتی کی تحاریک مسترد کر دی گئی تھیں۔