اسلام آباد(نمائندہ خصوصی))صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے کہا ہے کہ آل پاکستان چیمبرز پریذیڈنٹ کانفرنس ملکی معاشی سمت کے تعین کیلئے نادر موقع ہے۔آئی سی سی آئی مسائل کو اجاگر کرنے میں پیش پیش ہے،کانفرنس کی تجاویز کو فیصلہ ساز فورم تک پہنچائیں گے ۔وہ گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت 2 روزہ آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں منعقدہ گرینڈ ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں پاکستان بھر سے چیمبرز کے صدور، صنعت، تجارتی رہنما ئوں، سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، تھنک ٹینکس نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریر میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے تمام شرکا کو تقریب میں شرکت پر مبارکباد پیش کی اور کانفرنس کے مقاصد کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ پیش پیش ہے اور یہ اہم اقدام بھی اسی مہم کا حصہ ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس کمیونٹی کی ان شکایات کو دور کرنے میں کامیاب ہوگی۔ جو ملک کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پیش کی گئی تجاویز کو وزیراعظم، وزیر خزانہ، وزیر تجارت اور آرمی چیف سمیت تمام متعلقہ فورمز کو بھیجا جائے گا۔ سابق صوبائی وزیر پنجاب اور سرپرست اعلی یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کانفرنس کو بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطوں اور نیٹ ورکنگ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے مسائل سے حکومت کو آگاہ کرنے اور معاشی مسائل کے قابل عمل حل تلاش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔
چیمبرز پریذیڈنٹس کانفرنس ملکی معاشی سمت کے تعین کیلئے نادر موقع ،احسن بختاوری
Jun 28, 2024