اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت انفارمیشن و کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے فروغ کے لیئے اقدامات جاری ہیں، پاکستان سویڈن کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے کے لیئے خواہاں ہے، سویڈش ٹیک کمپنیوں کو آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ آئی ٹی و ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے گول میز کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں جس کا انعقاد وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن میں جمعرات کیا گیا۔گول میز کانفرنس میں سویڈن کے سفیر ہنرک پیرسن، سویڈش ٹیک کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔شزہ فاطمہ نے کہا انفارمیشن و کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، وزارت آئی ٹی ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کے لیئے کام کر رہی ہے، ڈیجیٹل پاکستان پالیسی ڈیجیٹل منتقلی کو اگلی سطح پر لے جانے کے لیئے راہ ہموار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا وزارت آئی ٹی کی توجہ آئی سی ٹی انڈسٹری کو بااختیار بنانے پر مرکوز ہے، سکلز بلڈنگ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ، ریسرچ، انوویشن، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، موجودہ حکومت عوام کو سستی و معیاری آئی سی ٹی سروسز کی فراہمی کے لیئے پر عزم ہے۔وزیر مملکت آئی ٹی نے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیئے ماحول سازگارہے، ایس آئی ایف سی آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیئے سہولت کاری فراہم کر رہی ہے، سویڈش ٹیک کمپنیاں پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں۔
آئی سی ٹی کے فروغ کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں، شزہ فاطمہ
Jun 28, 2024