دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا،راجہ خرم نواز

اسلام آباد (وقائع نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر ملک کی سلامتی کیلئے کردار ادا کریں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ سوات میں جو واقعہ ہوا ہے اور کچھ عرصہ قبل داسو ڈیم پر دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے، ہم سب کو ملکر اس ناسور کے خاتمہ کیلئے کردار  ادا کرنا چاہئے تاکہ اپنے ملک کو آگے لیکر جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں جس میں سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو بھی شہید ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 80 ہزار پاکستانیوں نے دہشت گردی کیخلاف قربانیاں دی ہیں جس میں پاک فوج کے جوان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر بحیثیت قوم دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا چاہئے، اگر فوجی آپریشن ہو رہا ہے تو پوری قوم کو اس کی بھرپور حمایت کرنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں مخالفت برائے مخالفت کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تعمیری تنقید نہیں ہوتی بلکہ تنقید برائے تنقید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جس طرح کل کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو ملکر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اسی طرح تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر ملک کی سلامتی کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے جان چھڑانے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مابین جلد اتفاق قائم ہو جائے گا

ای پیپر دی نیشن