ایس آئی ایف پاکستان مشن کی جانب سے میڈیا نمائندوں کیلئے بریفنگ 

Jun 28, 2024

اسلام آباد (خبر نگارخصوصی ) پاکستان میں قدرتی آفات کے موثر ردعمل کے لیے میڈیا اور امدادی اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے لئے Secours Islamique France (ایس آئی ایف) پاکستان مشن نے میڈیا نمائندوں کے لئے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا جس میں ڈیزآسٹر رپورٹنگ اور رسپانس میں میڈیا کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بریفنگ کا مقصد پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے میڈیا اور این جی اوز کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع  پرایس آئی ایف کے پاکستان میں ہیڈ آف مشن الطاف ابڑو، اور پروگرام ہیڈ فیروزہ زہراہ نے  ڈیزآسٹر رپورٹنگ اور رسپانس کو بہتر بنانے کے لیے میڈیا اور این جی اوز کے درمیان تعاون بڑھانے سمیت مختلف نکات  پیش کرتے ہوئے بتایا کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے اقدامات سے متعلق پالیسی سازی میں حکومت کو فیڈ بیک دینا بہت ضروری ہے، بلوچستان سمیت دور دراز علاقوں میں رسائی کے مسائل کے علاوہ آفات سے پہلے کی رپورٹنگ کے لئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی تربیت بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں کے متعلق ڈیٹا شیئرنگ اور اس کی تصدیق کے لئے غیر سرکاری اداروں کے ساتھ میڈیا کے رابطے بہت ضروری ہیں تاکہ مثبت اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی جا سکے۔ مقررین نے بریفنگ میں متاثرہ کمیونٹیز کے لیے خطرات کی پیشگی آگاہی اور آفت زدہ علاقوں کی شناخت کے میکنزم پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ بریفنگ کا اختتام میڈیا اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر اتفاق رائے کے ساتھ ہوا تاکہ آفات کے رسپانس کو بہتر بنایا جا سکے اور پاکستان کی سب سے زیادہ کمزور کمیونٹیز میں قوتِ مدافعت پیدا کی جا سکے۔۔۔؎

مزیدخبریں