بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ائیرپورٹ کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں شدید بارش کے باعث جمعہ کی صبح ائیرپورٹ کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں اب تک ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 6افراد زخمی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتا ل منتقل کردیا گیا۔بھارتی سول ایوی ایشن کے مطابق نئی دہلی ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت موسلا دھار بارش کے باعث گری جس کے بعد متاثرہ ٹرمینل سے فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا اور اس کی بحالی کیلئے متبادل انتظامات شروع کردیئے گئے ۔ایوی ایشن حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹرمینل ون پر 16 پروازوں کی روانگی اور 12 کی آمد تھی جسے منسوخ کردیا گیا ۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ جمعہ کی صبح نئی دہلی میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے ٹرمینل ون کی چھت کا حصہ گرا اور چھت کا بیم بھی گرپڑا جب کہ حادثے سے پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔