اگر آپ موبائل فونز پر گوگل کروم ویب براؤزر استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس میں 5 نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ہر فیچر کا مقصد کروم پر سرچ کرنے کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔یہ سب فیچرز جلد اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ان میں سے ایک فیچر کروم ایکشنز ہے جس سے صارفین کو سیٹنگز میں جائے بغیر مخصوص کام کرنے میں مدد ملتی ہے۔اب اس فیچر کو بہتر بناکر لوکل سرچ رزلٹس کے لیے استعمال کیا جائے گا۔یعنی صارفین اپنے قریب موجود کاروباری اداروں کے بارے میں سرچ کر سکیں گے اور کال، ڈائریکشنز یا ریویوز جیسے شارٹ کٹ بٹنز کے ذریعے ان تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔یہ فیچر ابھی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، مگر جلد آئی فونز پر بھی دستیاب ہوگا۔اسی طرح آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر ایک ایسے فیچر کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے جس کے تحت پرانی سرچز کے مطابق ویب سائٹس سجیسٹ کی جائیں گی۔یعنی اگر کوئی فرد اکثر گوگل کروم پر کسی مخصوص لفظ کو لکھ مخصوص ویب سائٹ پر وزٹ کرتا ہے تو وہ ویب سائٹ مخصوص لفظ کو سرچ کرنے پر سب سے اوپر نظر آئے گی۔ایک اور کارآمد فیچر ٹرینڈنگ سرچز کا ہے جو اس سے پہلے صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب تھا۔مگر اب اسے آئی او ایس صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے یہ معلوم ہوسکے گا کہ گوگل سرچ پر کونسی سرچز زیادہ مقبول ہیں۔گوگل کی جانب سے کروم کی ڈسکور فیڈ میں لائیو اسپورٹس کارڈز کا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔اس فیچر سے صارفین کو معلوم ہوسکے گا کہ ان کی پسندیدہ ٹیم کا مقابلہ کب ہوگا اور اس مقابلے کے تازہ ترین اسکور اور ہائی لائٹس کی اپ ڈیٹس انہیں دستیاب ہوں گی۔صارفین اس حوالے سے کروم کے تھری ڈاٹ مینیو میں جاکر اپنی پسند کی سیٹنگز کا اطلاق کرسکیں گے۔گوگل کی جانب سے آئی پیڈ اور اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس میں کروم ایڈریس بار کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ٹیبلیٹس میں نئے ڈیزائن سے صارفین کروم ایڈریس بار اوپن کرسکیں گے اور یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ وہ ابھی کس ویب پیج کو دیکھ رہے ہیں۔