بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیا ہے: وزیر اعظم

وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیا ہے۔انہوں نے یہ بات وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کہی، اس موقع پر وزیر اعظم نے وزیرخزانہ کی عوام دوست بجٹ 25-2024 کی منظوری پر پذیرائی کی اور تمام متعلقہ وزارتوں کے افسران کی بجٹ کی تیاری کیلئے کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں حکومت، اتحادی ارکان اور حزب اختلاف سب نے بھرپور حصہ لیا. امید کرتے ہیں بجٹ پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عام آدمی کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے.بجٹ میں صحت، تعلیم، زراعت اور آئی ٹی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔اشرافیہ اور ٹیکس نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، ایسا ممکن نہیں غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہے، ملک کی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ۔ اداروں میں اصلاحات اور ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کی نجکاری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن