ہملٹن ٹیسٹ : ویٹوری اور ساﺅتھی کی عمدہ باﺅلنگ‘ آسٹریلیا 231 رنز پر آﺅٹ

ہملٹن (اے پی پی) ڈینیل ویٹوری اور ٹم ساﺅتھی کی شاندار باولنگ کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 231 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، نیوزی لینڈ نے جواب میں پہلے روز کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 19 رنز بنا لئے اور اسے کینگروز کی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 212 رنز کی ضرورت ہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے سائمن کیٹچ 88 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈینیل ویٹوری اور ٹم ساوتھی نے 4،4 جبکہ جیتن پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ ہفتہ کو سیڈن پارک ملٹن میں میچ شروع ہوا تو آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شین واٹسن آسٹریلیا کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بنا کرآوٹ ہوئے۔ کپتان رکی پونٹنگ 22‘ مائیکل ہسی 22‘ مائیکل کلارک 28‘ سائمن کیٹچ 88‘ بریڈہیڈن 12‘ مارکس نارتھ ‘ ریان ہیرس10‘ ڈگ بولینگر چار رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ آسٹریلوی ٹیم کیویز باولرز کی عمدہ باولنگ کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 231 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی طر ف سے کپتان ڈینیل ویٹوری اور ٹم ساوتھی نے چار چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 19 رنز بنا لئے تھے۔ واٹلنگ 6 اور میتھیو سنکلیئر 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔ ٹم میکلنٹوش 4 رنز بنا کر ڈگ بولینگر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے واحد وکٹ ڈگ بولینگر نے حاصل کی۔ میچ میں پاکستان کے علیم ڈار اور اسد روف امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن