ورلڈ کپ سیمی فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مقابلے پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ سنسنی خیز مقابلے کے لیے ریٹ بڑھادیئے گئے ہیں جو متعدد انٹرنیشنل ویب سائٹس پر آسانی سے دیکھے جاسکتے ہیں۔ بھارتی ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ جواری بھارت کو فیورٹ قراردیتے ہوئے دھڑا دھڑ پیسہ لگارہے ہیں جس کی وجہ سے بھارت کے میچ ہارنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ انڈین ویب سائٹ کے مطابق تیس مارچ کو موہالی میں ہونے والے اس معرکہ پر کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایک ارب ڈالر سے زائد کا جوا لگ گیا ہے۔ دوسری جانب بھارت میں بکیز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں پولیس نے چھاپہ مار کر سات بکی گرفتار کر لیے جن کے قبضے سے جوئے کی رقم اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ بھارتی پولیس کو شک ہے کہ کانپور میں بکیوں کا کوئی بڑا نیٹ ورک بھی سرگرم ہو سکتا ہے۔