گلوکارہ فریدہ خانم کیلئے الحمرا کمال فنڈ ایوارڈ، 5 لاکھ کا چیک پیش

Mar 28, 2013

لاہور (کلچرل رپورٹر) پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ فریدہ خانم بہت بڑی گلوکارہ ہیں۔ ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت میرے لئے بھی باعث افتخار ہے۔ فریدہ خانم ہمارے گھر کے قریب ہی رہتی ہیں۔ ہمارا ان کے ساتھ گھریلو تعلق ہے اور یہ اکثر ہمارے گھر میں ہی رہتی ہیں۔ میری بیوی جگنو محسن کو موسیقی کا بہت شوق ہے۔ ہمارے گھر میں موسیقی کی تقریبات منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ میرے بیٹے علی کو موسیقی کا بہت شوق ہوا تو وہ فریدہ خانم کا شاگرد بن گیا اور مجھے جو موسیقی کی سوجھ بوجھ ہے وہ مجھے علی سے ہی حاصل ہوئی ہے۔ فریدہ خانم کے لئے جان بھی حاضر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ رات لاہور آرٹس کونسل کے زیراہتمام گلوکارہ فریدہ خانم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ تقریب میں فریدہ خانم کو الحمرا کمال فنڈ ایوارڈ اور 5 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔ تقریب کی کمپیئرنگ موسیقار ارشد محمود نے کی جبکہ گلوکار غلام عباس، استاد فتح علی خان حیدرآبادی اور بینش رشید نے پرفارم کیا۔ تقریب میں عدیل برکی، یوسف صلاح الدین، صوفیہ بیدار نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں اس موقع پر میڈیا نے نگران وزیراعلیٰ سے سیاسی گفتگو کرنا چاہی تو وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج سیاسی نہیں صرف فریدہ خانم کے حوالے سے گفتگو ہو گی۔ 

مزیدخبریں