لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءپاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل پاکستان میں لادینیت کے فروغ کے لئے پیسہ پانی کی طرح بہا رہے ہیںلادین سیاستدانوں ، گویوں اور الیکٹرونک میڈیا کو استعمال کررہے ہیں۔جمعیت علماءپاکستان اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو سکولرازم کاقبرستان بنا دے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور میںجمعیت علماءپاکستان کے یوم تاسیس کے موقع پر تحفظ ناموس رسالت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس سے مرکزی جماعت اہلسنت کے ناظم اعلیٰ علامہ سید عرفان شاہ مشہدی ،شیخ الخدیث مولانا خادم حسین رضوی ،حافظ نصیر احمد نورانی ،نعیم طاہر رضوی ،مولانا محمد یوسف صدیقی ،مفتی تصدق حسین ،رانا رحمت علی اور دیگر علماءنے خطاب کیا۔ جماعت اہلسنت کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید عرفان مشہدی نے کہا کہ جمعیت علماءپاکستان مقام مصطفےٰکے تحفظ اور نظام مصطفےٰ کے نفاذ کی تحریک ہے ہم نے 77ءمیں نظام مصطفےٰ کے لئے مارےں کھائیں اور جیلیں کاٹیں ہیں۔ہم نظام مصطفےٰ کی جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔امیر فدیان ختم نبوت مولانا خادم حسین رضوی نے کہا کہ عوام بےدار ہو جائیں محب وطن اور ناموس رسالت پر یقین رکھنے والوں کو ووٹ دیں۔