لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں این اے136ننکانہ صاحب سے سابق ایم این اے بلال احمد ورک کی نااہلی کےلئے رٹ درخواست دائر کر دی۔ جس کی سماعت یکم اپریل کو ہو گی۔ مقامی شہری خالد نے نوشاب اے خان اور مطلوب سندھو ایڈووکیٹ کے توسط سے موقف اختیار کیا ہے کہ چودھری بلال احمد ورک نے2002ءاور2008ءمیں حلقہ این اے136ننکانہ صاحب سے الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے دونوں الیکشن میںجامعہ اشرفیہ اور الخیر یونیورسٹی کی جعلی اسناد کی بنیاد پر الیکشن لڑا۔ ناظم الامور جامعہ اشرفیہ نے تصدیق کرانے پر کہا کہ بلال ورک کی سند ہمارے ادارے کی جاری کردہ نہیں اور بلال احمد ورک کبھی جامعہ اشرفیہ کا طالب علم نہیں رہے جبکہ الخیر یونیورسٹی کی جاری کردہ ڈگری مستند ہونے کا بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ یہ ڈگری بھی مشکوک لگتی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بلال ورک نے عوام اور الیکشن کمشن سے جھوٹ بولا اور وہ1973ء کے دستور کی دفعات62اور63 پر پورے نہیں اترتے کیونکہ وہ جھوٹ بول کر صادق اور امین نہیں رہے۔ لٰہذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ بلال احمد ورک کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حکم دے اور انہیں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دیا جائے۔
”جعلی ڈگری“ سابق ایم این اے بلال ورک کی نااہلی کیلئے ہائیکورٹ میں رٹ دائر
Mar 28, 2013