لاہور (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) الیکشن کمشنر پنجاب محبوب انور نے کہا ہے کہ جن ارکان اسمبلی کو عدالت نے جعلی ڈگری پر نااہل قرار دیا ہے وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے اور وہ افراد جن کے عدالتوں میں مقدمات ہیں الیکشن کمشن عدالتی فیصلوںکے مطابق ہی عمل کرےگا‘ الیکشن کمشن انتخابات کرانے کےلئے تیار ہے، دھاندلی کو روکنے کے لئے ضابطہ اخلاق پر عمل کرائیں گے۔ عہدے کا چارج سنبھالنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ عدالتوں سے دوہری شہریت پر رکنیت ختم ہونےوالے ارکان بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے حوالے سے سخت اقدامات کئے گے ہیں۔ عام انتخابات کے لئے تیاریاں اور انتظامات مکمل ہیں، سکیورٹی کے حوالے سے جامع انتظامات کئے جائیں گے اور حساس پولنگ سٹیشنز پر بھی اضافی نفری تعینات کی جائےگی۔ ضابطہ اخلاق میں تمام احکامات درج ہیں اور الیکشن کمشن صاف اور شفاف انتخابات اور دھاندلی کو روکنے کے لئے ان پر مکمل عملدرآمد کرائے گا۔ جن افراد کے عدالتوں میں مقدمات ہیں وہاں سے آنےوالے فیصلوں پر عمل کریں گے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی امیدواروں کی نااہلی کے زمرے میں آسکتی ہے۔ سیاسی جماعتیں، امیدوار اپنے سائن بورڈز اتار لیں ورنہ الیکشن کمشن کارروائی کرے گا، موجودہ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تعلیمی قابلیت کی کوئی شرط نہیں۔ پولنگ کے دن ووٹرز کی جان و مال کے تحفظ کے انتظامات کر لئے۔
جعلی ڈگری پر نااہل ارکان اسمبلی الیکشن نہیں لڑ سکیں گے: الیکشن کمشنر پنجاب
Mar 28, 2013