کسی میں مجھے ہاتھ لگانے کی جرات نہیں، بگٹی نے خودکشی کی: مشرف

Mar 28, 2013

کراچی (سٹاف رپورٹر) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان واپسی کیلئے کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ کسی میں مجھے ہاتھ لگانے کی جرا¿ت نہیں، آئندہ الیکشن میں آل پاکستان مسلم لیگ بھرپور حصہ لے گی میں کراچی اور چترال سے الیکشن لڑوں گا۔ کرگل آپریشن پر فخر ہے ہم نے بھارت کو گردن سے دبوچ لیا تھا کرگل پر سیاسی شکست ہوئی۔ ڈاکٹر عافیہ کو میں نے امریکہ کے حوالے نہیں کیا، جس نے حوالے کیا وہ غدار ہے۔ نائن الیون پر میں نے پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کیا، پاکستان کو جوہری اثاثوں اور کشمیر کاز کو بچایا۔ فوجیوں کو سیاست کرنے کا حق ہے آئزن آور اور چارلس ڈیگال فوجی تھے۔ اکبر بگٹی کو قتل کرنے کا الزام بے بنیاد ہے اکبر بگٹی نے حکومت کی رٹ کو چیلنج کیا تھا چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس آئین کے مطابق تھا۔ 12 مئی کے سانحہ سے کوئی تعلق نہیں۔ ملک صدر نہیں وزیراعظم چلاتا ہے۔ ایم کیو ایم سے 99 سے تعلقات ہیں۔ جوہری معلومات افشا ہونے سے پاکستان کو نقصان ہوا۔ لاہور میں بیٹھ کر میرے سر کی قیمت مقرر کرنے والے بلوچستان نہیں جا سکتے لال مسجد آپریشن میں بچوں اور خواتین کو نہیں مارا گیا بلکہ بچوں کو بچانے کی کوشش میں ہمارا ایک کرنل مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں آل پاکستان مسلم لیگ نشستیں حاصل کرے گی۔ میں نہیں کہتا کہ سونامی لے کر آرہا ہوں۔ ایمرجنسی کے دوران کسی جج کو گرفتار نہیں کیا گیا سب گھروں میں آرام کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کراچی سے الیکشن لڑ سکتا ہوں۔ ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کرنے سے میرا کوئی تعلق نہیں جس نے بھی عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا وہ غدار ہے، اکبر بگٹی نے حکومتی رٹ کو چیلنج کیا تھا، اکبر بگٹی کے قتل کا الزام مجھ پر لگانا غلط ہے اس نے خودکشی کی۔ لال مسجد کے آپریشن پر سب کو اتفاق تھا۔ انتخابات کے بعد سیاسی مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔ میرے سر کی ایک ارب روپے قیمت لگانے والوں کے سر کی قیمت میں دو ارب روپے لگاتا ہوں، وہ پہاڑوں میں چھپ کر نہ بیٹھیں، سامنے آ کر مقابلہ کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری کسی بھی ملک سے ڈیل نہیں ہوئی ہے میری تمام لیڈروں سے دوستی ہے اگر خود کچھ کیا ہو گا تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ میرا اپنا ذاتی خیال ہے کہ اکبر بگٹی نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعہ خودکشی کی جس کی زد میں فوجی اہلکار بھی آئے۔ دریں اثناءسابق صدر نے قومی اسمبلی کی چار نشستوں پر الیکشن لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کر دئیے ہیں، وہ کراچی، چترال، اسلام آباد اور قصور سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

مزیدخبریں