اسلام آباد( نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن نے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک اشرف محمود کو 24گھنٹے میں ہٹانے کا حکم دیدیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے کہا کہ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کو عہدے سے ہٹا کر آگاہ کیاجائے۔ پابندی کے باوجود ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کو تعینات کیا گیا۔ وزارت خزانہ نے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کو ہٹانے سے معذرت کرلی تھی۔ وزارت خزانہ نے کہا کہ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کا تقرر وفاقی حکومت نے سٹیٹ بنک ایکٹ کے تحت کیا۔ الیکشن کمشن نے وزارت خزانہ کا جواب مسترد کردیا۔ قبل ازیں بدھ کو وزارت خزانہ کی جانب سے الیکشن کمشن کو جوابی خط موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ وزارت خزانہ کو چند دن کی مہلت دی جائے اور خط میں اصرار کیا گیا کہ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کی تعیناتی رولز کے مطابق ہے اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے قواعد و ضوابط کے مطابق اشرف محمود کو ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک تعینات کیا ۔خط میں لکھا گیا کہ اشرف محمود کو مزید چند دن عہدے پر رہنے دیا جائے او راس معاملے کو الیکشن کمشن دوبارہ سے دیکھے اور اگر الیکشن کمشن اس معاملے کا دوبارہ جائزہ لے کر بھی اشرف محمود کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتا ہے تو پھر ان کو ہٹا دیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کا جواب مسترد‘ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کو 24 گھنٹے میں ہٹایا جائے: الیکشن کمشن
Mar 28, 2013