لاہور+ شیخوپورہ (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت ملک بھر میں گزشتہ روز بھی مزید درجنوں افراد نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ 200 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے جو جانچ پڑتال کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ اب تک ہزاوں افراد کاغذات نامزدگی وصول کر چکے ہیں۔ لاہور سے قومی اسمبلی کے لئے 140 اور صوبائی اسمبلی کے لئے 264 امیدواروں نے متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز سے نامزدگی فارم وصول کئے۔ این اے 118 سے میاں سرفراز وٹو، این اے 120 سے ملک ابرار اسلم، این اے 121 سے فرید پراچہ، این اے 122 سے محمد لیاقت، این اے 124 سے محمد طارق، این اے 125 سے رانا تنویر اور زیب النسائ، این اے 126 سے لیاقت بلوچ اور محمد سرور، این اے 127 سے سید احسان اللہ وقاص، حلقہ پی پی 142 سے آغا سید حسن عباس کاظمی، پی پی 143 سے فرمان علی، پی پی 146 سے حاجی امجد علی مرزا اور محمد توفیق، پی پی 153 سے ڈاکٹر ارشد اقبال، پی پی 154 سے سید احسان اللہ وقاص اور پی پی 159 سے قیصر جوئیل نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ گزشتہ روز جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ان میں میجر خداداد چودھری، میاں شاہد عباس اور میاں اسرار احمد وغیرہ شامل ہیں۔ دوسری طرف لاہور میں مقرر کئے گئے تیرہ ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی فارم اور گائیڈ لائن کتابچہ ختم ہو گیا جس سے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی فارم کے حصول کیلئے شدید مشکلات کا سامنا رہا جس پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سیشن جج لاہور نذیر احمد گجانہ نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر تمام ریٹرننگ افسران کو داخلہ فارم کی فوٹو کاپیاں کروا کر امیدواروں کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد کے حلقہ پی پی 105 سے 18 امیدواروں نے بکہ حلقہ این اے 102 سے 9 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ شےخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق امیدواروںنے اپنے اپنے رےٹرننگ آفےسرز کے دفاتر مےں کاغذات نامزدگی جمع کروانا شروع کر دےئے ہےں۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق چوتھے روز بھی کاغذات نامزدگی لینے والے امیدواروں کا تانتا بندھا رہا جبکہ صرف دو امیدواروں نے ابھی تک اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔ عابد حسین چٹھہ، سابق آئی جی پنجاب چوہدری محمد ےعقوب، شاہد منظور گل، طاہر منظور گل، علی سلیمان اور زوہیب سلیمان، مسلم لیگ(ن) ضلع شیخوپورہ کے صدر عارف حسین سندھیلہ سمیت کئی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے۔ سانگلہ ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حلقہ 135 کیلئے مسلم لیگ ن کے سابق تحصیل صدر میاں فاروق ناصر اور صوبائی حلقہ 170 کیلئے شیخ ذوالفقار مالک نے مقامی ریٹرننگ آفیسر کی عدالت میں کاغذات نامزدگی داخل کرا دیئے۔ ملتان سے آن لائن کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی عام انتخابات میںملتان کے حلقہ این اے 148 سمیت قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے انتخاب لڑیں گے۔ واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے ملتان کے حلقہ این اے 48 میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرا دیئے ہیں۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق ابھی تک کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل نہ کروائے۔ ق لیگ کے سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر برائے پیداوار انور علی چیمہ نے این اے 67 سرگودھا سے سب سے پہلے ریٹرننگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ این این آئی کے مطابق کراچی سے ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے 249، 250 اور 252 سے اور خوش بخت شجاعت نے این اے 250، پی ایس 112 اور 113، شیخ محمد افضل نے پی ایس 123 سے اور ایم کیو ایم کے ہی خواجہ سہیل منصور نے این اے 250 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔