لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹونے بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک مستحسن اور خوش آئند فیصلہ قرار دیا۔ پیپلز سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ سیاست کے باعث بلوچستان میں ایک عرصہ سے جاری کشیدگی کم ہوئی اور ناراض بلوچ پھر سے قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو کا بلوچستان سے انتخاب بھی پیپلز پارٹی کی اسی قومی سوچ کا مظہر ہے - انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے صدارت کا منصب سنبھالتے ہی رضا کارانہ طور پر بلوچستان کے محب وطن عوام سے غیر مشروط معافی مانگی- صدر مملکت کی جانب سے بلوچستان کے لئے آغاز حقوق بلوچستان کے نام سے خصوصی مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا- وفاقی ملازمتوں میں بلوچ عوام کے لئے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا جبکہ پاک فوج میں پچاس ہزار بلوچ نوجوان بھرتی کئے گئے - میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ صدر مملکت اور وفاقی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کے باعث نفرت کی خلیج کم ہوئی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور وہاں بسنے والے محب وطن عوام پر فوجی آمریت کے دور میں بے پناہ مظالم ڈھائے گئے- اس سے نفرت بڑھی اور بیرونی طاقتوں کو وہاں سازشیں کرنے کے مواقع ملے۔