اسلام آباد (ثناء نیوز) انصاف کی تلاش میں سرگرداں لاپتہ افراد کے لواحقین نے آج ایک دفعہ پھر ڈی-چوک اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔ قیادت آمنہ مسعود جنجوعہ نے کی۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ ریلی کی قیادت انہوں نے وہیل چیئر پر بیٹھ کر کی۔ ریلی میں پورے پاکستان سے لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "گزشتہ سال کے الیکشن نتائج دیکھ کر لاپتہ افراد کے لواحقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی کیونکہ پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی دونوں پارٹیوں یعنی مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے ہمیشہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی حمایت کی تھی مگر حیرت انگیز طور پر مرکز اور صوبوں دونوں سطح پر ایک پراسرار خاموشی چھائی ہوئی ہے اور لاپتہ افراد کے معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ اگر عوام نے حقائق سے آگاہی حاصل نہ کی اور آواز نہ اٹھائی تو ایک دن اونچی آواز میں بولنا بھی جرم بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور اعلیٰ عدلیہ کے سوا ریاست کا کوئی بھی ستون لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد میں سے صرف 5 سے 10 فیصد کے کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں۔