لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں کہا کہ امریکہ اور صیہونی قوتیں ایک بار پھر عالم اسلام کو میدانِ جنگ بنانا چاہتی ہیں۔ سرزمین حرمین شریفین کی حفاظت صرف سعودی عرب نہیں، پوری اُمت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اپنے روحانی مرکز کے تحفظ کیلئے کٹ مرنے کو اپنے لئے سعادت سمجھتے ہیں لیکن اس مسئلہ پر انتہائی احتیاط اور باہم گفت و شنید کی ضرورت ہے۔ عراق ایران جنگ کی طرح اب امریکہ ایران اور سعودی عرب میں جنگ چھیڑنا چاہتا ہے۔ عالمی طاقتیں عالم اسلام کو باہم دست و گریبان کرکے اپنا اسلحہ بیچنا اور انکے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں۔ دشمن کے ان ناپاک عزائم کوناکام بنانے کیلئے پاکستان اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرے۔ سراج الحق نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنے مسائل مل بیٹھ کر باہمی گفت و شنید ہی سے حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل عالم اسلام کو کمزور کرنے اور اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے عرب ممالک میں جنگ کی آگ بھڑکانے کے مکروہ منصوبے پر عمل پیرا ہیں، ان حالات میں ضروری ہے کہ عالم اسلام کی قیادت مل بیٹھ کر اپنے اختلافات کو افہام و تفہیم سے حل اور باہمی رنجشوں کو دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں نظام شریعت نافذ کردیا جائے توتمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ پاکستان پر 68 سال سے وہی لوگ قابض ہیں جنہوں نے انگریز کی غلامی کے عوض جاگیریں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر کے مظلوموں محروموں اور مجبوروں کو اکٹھا کرنا چاہتے ہیں۔