بزرگ دھکے کھا رہے ہیں‘ کسی افسر کو پرواہ نہیں‘ ہائیکورٹ : پنشن ادائیگی کیلئے پنجاب حکومت کو آخری موقع

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائی کورٹ نے بزرگ پشنرز کو ادائیگی کا آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بزرگ پینشنرز دھکے کھا رہے ہیں مگر کسی افسر کو کوئی پروا ہی نہیں۔ عدالتی حکم کے باوجود بزرگ پنشنرز کو پنشن کی عدم فراہمی کے کیس میں گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار بزرگ پینشنرز کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب کے بیوروکریٹ مسلسل عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ فیصلے کی وضاحت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا ایک موقع دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کوئی نکتہ قابل وضاحت نہیں اب پنشن کی ادائیگی کا مرحلہ ہے۔ عدالت بزرگ شہریوں کو دھکے کھاتا نہیں دیکھ سکتی۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کو پینشن ادا کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو اپریل تک ملتوی کر دی۔
ہائیکورٹ

ای پیپر دی نیشن