اسلام آباد (اے پی پی) متحدہ عرب امارات کی کمپنی خیبرپی کے میں 500 ملین ڈالر کی لاگت سے ایک جدید آئل ریفائنری قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو 2016ءکے وسط تک کام شروع کر دے گی۔ متحدہ عرب امارات کی کمپنی ایگزیلرا ریسورسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ محمد احمد علی الکتوب النعیمی نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں اپنی کمپنی قائم کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ برکلے انرجی کے چیئرمین چوہدری افتخار نے وزیراعظم کو بتایا کہ ریفائنری میں یومیہ 50 ہزار بیرل تیل پیداوار کی گنجائش ہوگی جو 400 تا 500 ایکڑ اراضی پر قائم ہوگی۔ اگلے تین سال کی مدت میں ریفائنری کی پیداواری گنجائش بڑھا کر یومیہ ایک لاکھ بیرل کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کمپنی یونائیٹڈ پٹرولیم کے نام سے رجسٹر کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے آئل ریفائنری کے قیام کے لئے حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عشروں سے بہترین تعلقات ہیں اور آئل ریفائنری جیسے پراجیکٹس سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کمپنی نے کرک اور کوہاٹ کے علاقوں میں ریفائنری کے لئے ممکنہ سائیٹس کی نشاندہی کی ہے اور ان مقامات پر دستیاب تیل اچھے معیار کا سویٹ کروڈ آئل ہے۔ شیخ محمد احمد علی الکتوب النعیمی نے وزیراعظم کو بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے ریفائنری کا انتہائی اعلیٰ معیار ہوگا جس سے علاقے کو کوئی نقصان نہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سے قریبی علاقوں کے سینکڑوں افراد کو روزگار ملے گا۔ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر مجموعی طور پر دو تا تین ہزار روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے علاقے کے لوگوں کو زبردست فائدہ ہوگا۔ ایگزیلرا گروپ کے منصور نے وزیراعظم کو بتایا کہ آئندہ چار تا چھ ہفتوں میں مناسب جگہ پر پراجیکٹ کا آغاز ہو جائے گا۔
آئل ریفائنری