نیویارک (آن لائن) اقوام متحدہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی شہروں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کا عمل روکنے کےلئے م¶ثر اقدامات کریں۔ غیرملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ’یو این‘ امن مندوب نے عالمی سلامتی کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں دوبارہ زمام اقتدار سنبھالنے کے بعد نیتن یاہو کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کریں۔ اس مقصد کے لیے انہیں فلسطینی علاقوں میں متنازعہ یہودی بستیوں کی تعمیر کا عمل روکنا ہو گا۔ مسٹر رابرٹ سیری کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی کالونیوں کی تعمیر اور توسیع غیرقانونی ہے اور یہ سلسلہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے حوالے سے دو ریاستی حل کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”مجھے نہیں معلوم کہ اگر اسرائیلی وزیراعظم نے یہودی بستیوں کی تعمیر پرپابندی نہ لگائی تو فریقین میں اعتماد سازی کا عمل بحال ہوسکے گا یا نہیں۔ میں نہیں جانتا کہ وقت ہاتھ سے نکل گیا ہے تاہم قیام امن کی خاطر اسرائیل کو یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے“۔ رابرٹ سیری نے مزید کہا کہ اسرائیل کی نئی حکومت فلسطینیوں کے ساتھ قیام امن کے اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ پوری دنیا پر یہ واضح ہو کہ اسرائیل مسئلہ فلسطین کے حل اور فلسطینی ریاست کے قیام میں عملی اقدامات کررہا ہے۔
اقوام متحدہ
اسرائیلی وزیراعظم فلسطینی ریاست کے قیام‘ یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کیلئے اقدامات کریں : اقوام متحدہ
Mar 28, 2015