اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن نے ایم پی اے جاوید نسیم اور سینیٹر کلثوم پروین کے خلاف دائر ریفرنس خارج کر دئیے۔ سپیکر خیبر پی کے اسمبلی نے پارٹی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر الیکشن کمشن میں تحریک انصاف کے ایم پی اے جاوید نسیم کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔ جاوید نسیم پر سینٹ انتخابات میں پرائیویٹ امیدوار کے تجویز کنندہ بننے پر اعتراض کیا گیا تھا۔ تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا کہ جاوید نسیم نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے۔ جاوید نسیم خیبر پی کے سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔ دوسری جانب سینیٹر کلثوم پروین کی نااہلی کے لئے دائر ریفرنس بھی الیکشن کمشن نے خارج کر دیا۔ ریفرنس بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سینیٹر اسرار اللہ زہری نے دائر کیا تھا۔ بی این پی عوامی نے موقف اختیار کیا کہ کلثوم پروین نے ممبر ہوتے ہوئے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینٹ انتخاب لڑا۔ مسلم لیگ ن کی نشست سے سینٹ انتخاب لڑنا پارٹی قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمشن نے کہا کہ کلثوم پروین الیکشن لڑنے سے قبل بی این پی عوامی کی ممبر شپ سے مستعفی ہو گئی تھیں۔