کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نائن زیرو سے برآمد 20 ہتھیار کس کے ہیں معمہ بن گیا۔ ایم کیو ایم نے نائن زیرو سے برآمد اسلحے کے 105 لائسنس وزارت داخلہ میں جمع کرائے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق نائن زیرو سے برآمد چھوٹے بڑے ہتھیاروں کی تعداد 125 تھی۔ پولیس کی جانب سے 125 چھوٹے بڑے ہتھیار فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھیجے گئے ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے 20 ہتھیاروں کی تحقیقات کی جائیں گی یہ قانونی ہیں یا غیرقانونی۔ لائسنس نہیں ملے تو غیرقانونی اسلحے کے مقدمات میں ملزموں سے تفتیش کرینگے۔ علاوہ ازیں پولیس ذرائع کے مطابق نائن زیرو سے ملنے والے ہتھیاروں کا فرانزک ٹیسٹ مکمل کرلیا گیا۔ شہر میں ٹارگٹ کلنگ واقعات سے کوئی میچ نہیں ہوا۔ فرانزک لیب کے ڈیٹابیس میں شہر میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کے 1800 واقعات کا ڈیٹا ہے۔ نائن زیرو سے ملنے والے ہتھیار مختلف بور کے تھے، انہیں ڈیٹا بیس میں فیڈ کردیا گیا ہے۔