ایان علی نے پچھلے سال ٹیکس دیا نہ 4 کروڑ کی جائیداد بیچی: تحقیقاتی رپورٹ

Mar 28, 2015

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ماڈل ایان علی کے اثاثوں کے بارے میں انکم ٹیکس نے تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی۔ رپورٹ انکم ٹیکس انٹیلی جنس ونگ نے تیار کی ہے۔ ایان علی کا این ٹی این نمبر O-3966645 ہے۔ ایان علی نے گزشتہ سال ٹیکس گوشوارہ جمع نہیں کرایا۔ ایان علی مبینہ طور پر ٹیکس چور اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے۔ پاکستان سے باہر 10 ہزار ڈالر سے زائد نہیں بھجوائے جا سکتے۔ ماڈل ایان علی 4 لاکھ ڈالر باہر لے جانے پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ ایان علی نے گزشتہ ایک سال میں 4 کروڑ کی کوئی جائیداد فروخت نہیں کی۔ ایان علی کا ڈیفنس کراچی میں ایک فلیٹ ہے۔ ایان علی کے بینک اکائونٹ میں 35 سے 40 لاکھ روپے ہی پڑے ہیں۔ ایان علی نے گزشتہ ایک سال میں 41 غیرملکی دورے کئے۔ ایان علی نے متحدہ عرب امارات کے فری زون میں کمپنی رجسٹرڈ کرائی۔ مزید برآں منی لانڈرنگ کیس میں ایان علی کی لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ سردار اسحاق سمیت 8 سے زائد وکلاء کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی۔ کسٹم حکام نے رپورٹ جمع کرانے اور بحث کے لئے مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے کسٹم حکام کی درخواست پر سماعت 31 مارچ تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء منی لانڈرنگ کیس میں تفتیشی ٹیم نے ماڈل ایان علی کی جانب سے فراہم کردہ ثبوت مشکوک قرار دئیے ہیں۔ کسٹم ذرائع کے مطابق ماڈل نے کسٹم حکام کو بیان حلفی اور نجی کمپنی کے لیٹر پیڈ پر رقم کی ٹرانزیکشن کے دستاویزی ثبوت فراہم کئے تھے جو کسٹم حکام کی جانب سے مشکوک قرار دئے گئے ہیں جبکہ نجی پراپرٹی کمپنی اور سٹام فروش کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کی تحقیق کی جا رہی ہے کہ بیان حلفی پر دستخط اور انگوٹھے کا نشان کس کا ہے۔ ایان علی کو جیل میں شاہانہ زندگی گزارنے کیلئے بی کلاس ملے گی یا نہیں عدالت آج ہفتہ کو فیصلہ سنائے گی۔

مزیدخبریں