صحت عامہ کی بہتری کیلئے وسائل حاضر ہیں‘ رورل سپورٹ پروگرام فعال بنایا جائے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، یہی وجہ ہے کہ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں اور ان کے حصول کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے غیر تسلی بخش کارکردگی پر چنیوٹ، خوشاب، بھکر اور راولپنڈی کے ای ڈی اوز ہیلتھ کو وارننگ دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ صحت عامہ کیلئے مقررکردہ اہداف کے حصول کیلئے سزا اور جزا کا موثر نظام انتہائی ضروری ہے۔ عوام کی خدمت کرنے والے افسر ہمارے سر کا تاج ہیں جبکہ کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل افسروں اور متعلقہ عملے کی بنیادی و دیہی مراکز صحت میں حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مجاز حکام کی اجازت کے بغیر رخصت پر جانے والے میڈیکل افسروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر حاضر اور بلااجازت رخصت پر جانے والے میڈیکل افسروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بنیادی مراکز صحت میں 18 ضروری ادویات کی فراہمی سو فیصد یقینی بنائی جائے جبکہ بنیادی و دیہی مراکز صحت کو فعال بنانے کیلئے مقررکردہ اہداف کا حصول ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کے ایک سو بنیادی مراکز صحت کو آئوٹ سورس کرنے کے حوالے سے جامع پلان مرتب کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب رورل سپورٹ پروگرام کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب رورل سپورٹ پروگرام کو فعال اور متحرک بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر اقدام اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ یونین کونسل کی سطح پر ویکسی نیٹرز کی بھرتیاں جولائی 2015ء تک مکمل کی جائے جبکہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ وزیراعلیٰ کی اجازت کے بغیر محکمہ صحت کے ای ڈی اوز کے تبادلوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرمائیکل باربرنے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ پر موثر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت کی ٹیم ایک عزم اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے ترکی کے سفیر ایس بابر گرگن نے ملاقات کی، شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخی دوستانہ رشتے میں جڑے ہوئے ہیںاور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ترکی کی متعدد کمپنیاں پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، بلاشبہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستی سودمند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے۔ ترکی کے سفیر ایس بابر گرگن نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں مستقبل میں بھی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ مزید براں شہباز شریف سے گزشتہ روز جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سیرل نن نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جرمنی پاکستان کاایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی کی کمی پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات کررہی ہے۔ گیس سے بجلی پیدا کرنے کے یہ منصوبے 2017ء تک کام شروع کردیں گے۔ اس موقع پر جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سیرل نن نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی قومی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار اداکررہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز اپنی محنت سے کمائے گئے 15ارب ڈالر ہر سال پاکستان بھجوا کر ملک وقوم کی ایسی خدمت کررہے ہیں جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ ملک وقوم کی خدمت او رمعیشت کی بہتری کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سمندر پار رہنے والے ہم وطن پاکستان کے ایسے حقیقی سفیر ہیں جنہوں نے اپنی محنت کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے پاکستان کے ان حقیقی سفیروں کے مسائل کے فوری حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب تشکیل دیاہے۔ دیار غیر میں اپنی محنت کے ذریعے پاکستان کا نام بلند کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب کے باقاعدہ افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب کے باقاعدہ افتتاح سے بے حد خوشی ہو رہی ہے اور آج ایک تاریخی دن ہے جب 15ارب ڈالر سالانہ پاکستان بھجوانے والوں اور قومی تجارت میں توازن پیدا کرنے والوں کے لئے ایک ایسا آئینی ادارہ معرض وجود میں آیاہے جو سمندرپار پاکستانیوں کی شکایات کے فی الفور ازالے کا باعث بنے گا۔ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی انجینئرز، ڈاکٹرز، محنت کش اوردیگر شعبوں میں کام کرنے والوں کے دکھ بانٹنے اوران کی تکالیف کے ازالے کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب نے کام شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسائل اگرچہ راتوں رات تو حل نہیں کئے جاسکتے لیکن وعدہ کرتاہوں کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر او رکوتاہی برداشت نہیں کروںگا -کسی لالچی، راشی، بددیانت اور قبضہ گروپ کی ملی بھگت سے کسی کو ان محب وطن عظیم پاکستانیو ںکے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے -انہوںنے صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے قیام کے بعد کو ئی شکایت نہیں آئی چاہیے۔ تمام افسران سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اگر کسی جگہ پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں تاخیر ہوئی تو اسے معاف نہیں کروںگا، سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر وہ قدم اٹھایا جائے گا۔ پام آئل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے تناسب سے ہم نے عوام کو گھی او رآئل کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف فراہم کیا،اسی طرح کسانوں کے حقوق کا بھی مکمل تحفظ کریں گے -اگرچہ اس سال گندم کی فصل اچھی ہے لیکن عالمی مارکیٹ میں گندم کی قیمت کم ہونے کے باوجود اپنے کاشتکاروں کو اس کساد بازاری سے دوچار نہیں ہونے دیں گے۔ پنجا ب حکومت نے گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا بھی تحفظ کیاہے اورانہیں 180روپے فی من کے حساب سے ادائیگی یقینی بنائی ہے جبکہ ایک صوبے میں 155روپے گنے کی قیمت مقرر کی گئی لیکن ہم نے چھوٹے کاشتکاروں کا تحفظ کیا او رآئندہ بھی کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ نظام کو درست ہونا پڑے گا او راگر نظام درست نہ ہوا تواس نظام کا تیا پانچہ ہوجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب کے قیام پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتاہوں کمیشن قومی جذبے او رمحنت سے کام کرے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ربن کاٹ کر اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) مڈل ایسٹ کے صدر نور الحسن تنویر نے اپنے خطاب میں کہاکہ شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب قائم کر کے ہمار ا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیاہے۔ مزید براں شہباز شریف  نے سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ صلاح الدین کی اہلیہ اور ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین خواجہ ضرار کلیم کی خوشدامن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن