مسلمانوں کو بر ا بھلا کہنے والے دہشت گردوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، مسلمانوں کا امریکہ میں بڑا کردارہے انہیں بدنام کرنے کی کوششوں کو مسترد کرنا ہو گا،اوباما۔ امریکی صدارتی مہم میں شامل امیدوار ٹرمپ کی طرف سے الیکشن مہم میں جس طرح مسلمانوں کے خلاف منفی اور جارحانہ بیان بازی کی گئی اس کے جواب میں صدر اوباما کا یہ بیان بالکل درست معلوم ہوتاہے۔ کیونکہ ٹرمپ جیسے لوگ جب مسلمانوں کو برا بھلا کہتے ہیں تو اس کے جواب میں انتہا پسند مسلمانوں کی طرف سے بھی غلط ردّ عمل سامنے آ سکتا ہے۔ امریکہ کے اعتدال پسند عناصر نے بھی ٹرمپ کے اس اسلام اور مسلمان دشمن بیانات کو ناپسند کیا ہے اور کئی مقامات پہ امریکیوں کی طرف سے ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے۔ جس سے امید ہے کہ امریکہ کے بہتر مستقبل کے لیے وہاں کے عوام انصاف اور اعتدال پسند انہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے آنے والے الیکشن میںٹرمپ جیسے امیدوار کو مسترد کر دیں گے جو مسلمانوں اور اسلامی دنیا کے خلاف منفی جذبات رکھتا ہے۔ کیونکہ اگر ٹرمپ جیسے انتہا پسند منفی سوچ رکھنے والے لوگ عنان حکومت سنبھالیں تو پھر نفرت اور تصادم کی راہ کو کوئی نہیں روک سکتا۔ امریکی ووٹر یقینا صائب الرائے اور باشعور ہیں جو امید ہے الیکشن میں معتدل اور انصاف پسند امیدوار کو ووٹ دے کر اپنی بالغ نظر کا ثبوت دیں گے۔ اس سے مسلم ممالک اور امریکہ کے درمیان استوار دوستانہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
مسلمانوں کیخلاف بیان پر اوباما کا شدید ردعمل
Mar 28, 2016