پی آئی اے کے نیویارک میں ہوٹل کی فروخت کے الزامات پر مبنی ویڈیو گمراہ کن ہے: وزارت خزانہ

Mar 28, 2016

اسلام آباد (این این آئی) وزارت خزانہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن کے نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت کے الزامات پر مبنی سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی رو سے کوئی ایک فرد کسی ادارے یا اثاثہ کی فروخت نہیں کرسکتا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی یہ ویڈیو غلط طور پر پیش کی گئی ہے۔ نجکاری کے عمل سے سب سے پہلے نجکاری کمشن کا بورڈ کسی ادارے یا اثاثے کی فروخت کی منظوری دیتا ہے پھر اس کو نجکاری کے حوالے سے کابینہ کمیٹی میں منظوری کیلئے بھجوایا جاتا ہے تاہم ایسا کچھ نہیں ہوا۔ اس کے علاوہ اظہار دلچسپی کے خطوط، اثاثے کی مالیت اور ریفرنس پراسس کو حتمی شکل دینا، بڈنگ کا عمل اور نتائج کو حتمی شکل دینے کے مراحل بھی ہوتے ہیں۔ اس تمام کے بغیر ہوٹل کیسے فروخت کیا جا سکتا ہے؟۔ قانون کے مطابق کسی ادارے کی نجکاری سے قبل اس کیلئے مالیاتی مشیر کا تقرر کیا جاتا ہے اور اس کے تقرر کیلئے مقامی اور انٹرنیشنل میڈیا پر اشتہار دیا جاتا ہے۔ یہ قانونی ضرورت ہے۔ نج کاری کمشن نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کو ہمیشہ یقینی بنایا جاتا ہے۔ نج کاری کمشن اپنے کام سے متعلق سوالات کا خیرمقدم کرے گا۔

مزیدخبریں