شیخوپورہ/ سانگلہ ہل/ سیالکوٹ (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر شیخوپورہ، سانگلہ ہل، سیالکوٹ کے تمام سرکاری اداروں میں ادویات کا خصوصی آڈٹ شروع کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے ہسپتالوں میں قائم میڈیسن سٹور اور ڈسپنسریاں سیل کر دیں۔ تفصیل کے مطابق ضلع شیخوپورہ کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں قائم میڈیکل سٹورز سیل کر دئیے گئے ہیں۔ ڈی سی او اور ای ڈی او ہیلتھ کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر ان سٹورز میں موجود ادویات کی گنتی کروائیں، تمام فارمیسیوں کا ریکارڈ حکومت نے اپنے قبضہ میں لے لیا ہے اور ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرکی ڈیوٹی لگائی گئی ہے یہ وہ ریکارڈ کے مطابق ادویات کی گنتی کروائیں۔ تحصیل ہسپتال سانگلہ کے میڈیسن سٹورز سیل کر دیئے گئے، گذشتہ رات ہنگامی بنیادوں پر ڈی سی او ننکانہ نے میڈیسن سٹورز سیل کرنے کا حکم دیا تو ڈی ایس پی محمد نواز سیال اور انچارج تھانہ سٹی فیروز بھٹی نے ہسپتال میں رات گئے پہنچ کر سٹورز سیل کر دئیے۔ ادھر دن بھر وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی اچانک آمد کی افواہیں گردش کرتی رہیں، ہیلی پیڈ بھی بنا دیا گیا۔ سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ کے افسران نے رات گئے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ڈسپنسریاں اور سٹور سیل کر دئیے۔ اے ڈی سی او سیالکوٹ عمر شیر چٹھہ نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے میڈیسن/ سرجیکل اور جنرل سٹورزکے ریکارڈ کی پڑتال کی اور سٹور میں سٹاک پوزیشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دریں اثناء ڈی او سی سیالکوٹ عبدالسلام عارف، ای ڈی او ہیلتھ سیالکوٹ ڈاکٹر جاوید وڑائچ اور فارماسسٹ سیالکوٹ مہوش ابرار کے ہمراہ ٹی ایم ایچ کیو ڈسکہ، سمبڑیال اور پسرور کے علاوہ ضلع بھر کے دیہی مراکز صحت کا دورہ کیا اور میڈیسن کے نمونہ جات لیکر فزانزک لیب میں بھجوا دیئے۔