دورہ بحرین انتہائی کامیاب رہا، عالمی اداروں کو اپنی پالیسیوں پر غور کرنا ہو گا: فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دورہ بحرین انتہائی کامیاب رہا اس دورے سے پاک بحرین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان پوری دنیا خصوصا عرب ممالک سے بہتر تعلقات کا حامی ہے وہ بحرین کے دورے سے واپسی پر اسلام آباد میں جماعتی عہدے داروں مولانا محمد امجد خان، مولانا سعید یوسف، مفتی ابرار احمد، مولانا ہدایت اللہ شاہ، مولانا نذیر فاروقی، مولانا شریف، مولانا عبد المجید ہزاروی اور دیگر وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ پاک بحرین عوام بدامنی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لئے منظم کاوشیں جاری رکھیں گے۔ ہمارے نزدیک بدامنی اور غربت کا خاتمہ دنیا کا ایجنڈا ہونا چاہیے کیونکہ دنیا کا ہر انسان انہی دو باتوں کا حل مانگتے ہیں۔ اس حوالے سے عالمی اداروں کو اپنی پالیسیوں پر غور کر نا ہو گا اور دوہرا معیار کا فلسفہ ختم کر نا ہو گا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور ان میں امن ومحبت کا پیغام دیا جا رہا ہے۔ دینی مدارس نے وطن کی سلامتی اور استحکام کے لئے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 3اپریل کو لاہور میں وفاق المدارس کے زیراہتمام استحکام پاکستان و مدارس کانفرنس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن