کراچی (کامرس رپورٹر)ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سی ای او ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ تین سال میں پینتیس ارب ڈالر کا برامدی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے جس کیلئے برامدکنندگان کو سہولیات دی جائیں جسکی ابتداء پھنسے ہوئے ریفنڈز سے کی جائے۔ اگر برآمدکنندگان کو دو سو دس ارب روپے کے ریفنڈ ادا کر دئیے جائیں توایکسپورٹ ٹارگٹ کا حصول ممکن ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ تجارتی پالیسی برامدکنندگان کی خوہشات اور زمینی حقائق کے مطابق ہے تاہم برامدی ہدف حاصل کرنے کیلئے برامدکنندگان کے مسائل کا حل ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اعلیٰ حکومتی حکام نے کئی بار ریفنڈز کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہے مگر اسکے باوجود تاخیر کی جا رہی ہے۔برامدات میں اضافہ کیلئے بیس ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس میں سے چھ ارب کی ادائیگی سال رواں میں کی جانی ہے جسکا جلد از جلد انتظام کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال بہتر ہے اور جی ڈی پی 4.2 فیصد کے بجائے پانچ فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔