مفاہمت ختم جیالے سیاسی مخالفین کو منہ توڑجواب دیں : زرداری

Mar 28, 2017

لاہور (خبر نگار)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چارسالہ مفاہمت کا دور ختم ہوا، اب یہ سال مزاحمت کا ہوگا۔ تمام پارٹی عہدیداروں، کارکنوں اور جیالوںکو کھلی اجازت ہے کہ وہ سیاسی مخالفوں اور پارٹی پر تنقید کرنیوالوںکو منہ توڑ جواب دیں۔ بلاول بھٹو پارٹی کے بااختیارچیئرمین ہیں۔ وہی لیڈر ہیں اور وہی لیڈر ہونگے۔ بلاول بھٹو کی جوانی اور میرا تجربہ ایک نئی طاقت پیدا کریگا۔ جو پارٹی کو پھر سے ایوان اقتدار میں لے جائیگا۔ آصف علی زرداری بلاول ہاﺅس لاہور میں راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژن کے عہدیداروں ، ٹکٹ ہولڈرز اورکارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ آصف علی زرداری نے راولپنڈی ڈویژن کے پرزور مطالبے پر اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی کا اگلا جلسہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے علاقے چکری میں ہوگا اور راولپنڈی ڈویژن کے تمام جیالوں سے اب چکری میں ملاقات ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ 2013ءمیں پیپلز پارٹی کو ایک سازشی منصوبے کے تحت انتخاب میںہرایاگیا۔ اب 2018ءمیں ہم ایسا کوئی منصوبہ نہیں چلنے دیں گے۔ پارٹی کے جیالے ، عہدیدار ، خواتین، وکیل اور مزدور تنظیمیں 2018ءکے انتخابات میںہر پولنگ سٹیشن پر نگرانی کریں گے۔ 2013ءمیں مصطفی نوازکھوکھر نے اسلام آبادکے حلقے سے ایک لاکھ کے قریب ووٹ حاصل کیا لیکن پھر بھی انہیں ہرادیاگیا۔ کیا کسی حلقے میں اڑھائی لاکھ سے زیادہ ووٹ کاسٹ کیے جاسکتے ہیں؟ اس طرح کی واردات بیسیوں حلقوںمیںہوئی۔ انہوںنے کہاکہ راولپنڈی کے کارکن ، عہدیدار اورٹکٹ ہولڈر بہادری سے اگلے انتخابات کی تیاری کریں۔ ہمیں ہر حال میں یہ الیکشن جیتنا ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ، سیکرٹری جنرل ندیم افضل چن نے بھی خطاب کیا۔
زرداری

مزیدخبریں