اسلام آباد (اے ایف پی) پاکستان نے دہشت گردی کو روکنے کیلئے اپنی مغربی سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع کردیا ہے۔ پاک فوج کی زیر نگرانی باڑ لگانے کا عمل افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کی آمد و رفت کو روکنے اور شدت پسندوں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے کیلئے کیا جارہا ہے۔ برطانوی دور حکومت میں 1896ء میں ڈیورنڈ لائن جو 24 سو کلومیٹر طویل ہے کو آج تک مستقل بارڈر کی حیثیت حاصل نہیں ہوسکی۔ باڑ لگانے کا عمل پاکستان نے گزشتہ سال شروع کیا اور جنوبی بارڈر پر 11 سو کلومیٹر طویل باڑ لگانے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ اب باقی آدھا بارڈر بھی محفوظ بنانے کیلئے پاک فوج نے باڑ لگانے کا کام شروع کردیا ہے۔ بارڈر کا یہ حصہ انتہائی خطرناک زون کہلاتا ہے۔ باڑ لگانے سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔