لاہور (نامہ نگاران) قلعہ دیدار سنگھ، موچھ، شکرگڑھ، پیر محل، جھکڑ، عارف والہ، ملک وال اور وہاڑی سمیت کئی شہروں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے زندگی مفلوج ہوگئی۔ کاروبار ٹھپ، مزدور طبقہ بیروزگار ہوگیا جبکہ طلباء کو امتحان دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیل کے مطابق قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور مضافاتی علاقوں میں چند دنوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ انتہا کو پہنچ گئی، کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ کے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ دیہی علاقوں میں مسلسل کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہی اور مجموعی طور پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ شہری علاقوں میں 12 سے 13 جبکہ بعض دیہی علاقوں میں 15 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ پائی خیل اور گرد و نواح میں بجلی کی دن رات غیراعلانیہ آنکھ مچولی اور ٹرپنگ سے صارفین کی الیکٹرک اور الیکٹرونکس اشیاء جلنے لگیں جبکہ بجلی کے آلات سے مزدوری کرنیوالوں کا چولھا ٹھنڈا اور کاروبار زندگی کو بری طرح مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق تحصیل شکرگڑھ کے تمام علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہیں، بجلی کی سپلائی گھنٹوں معطل رہنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گیپکو ڈویژن کی جانب سے صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ضروری مرمت کے نام پر بجلی بند رکھی جاتی ہے جس کے بعد دن اور رات کے اوقات میں گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق تحصیل پیر محل میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے صارفین سخت ذہنی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں اور خاص کر رات کے اوقات میں بار بار بجلی بند ہونے سے شہری مچھروں کے کاٹے جانے سے مختلف بیماریوں کا شکار جبکہ بجلی لوڈ شیڈنگ کا جن آزاد ہونے سے ہسپتالوں میں بیماروں کو اذیت سے گزرنا پڑ رہا ہے بلکہ آپریشن تھیٹر شیڈول بھی بری طرح متا ثر ہو رہا ہے۔ جکھڑ سے نامہ نگار کے مطابق شہر و گرد و نواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔ دن بھر بجلی کے آنے جانے سے کاروباری افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تیاری میں طلبائوطالبات کو شدید مشکلات کا سامناہے۔ عارف والا سے نامہ نگار کے مطابق عارفوالا و گرد نواح میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، ہر آدھے گھنٹے کے بعد بجلی کی بندش سے عوام کاروباری و گھریلو خواتین شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ملک وال سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل سے باہر نکل آیا، شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی گھنٹوں طویل لوڈ شیڈنگ رات کے وقت بھی بجلی کی تین تین گھنٹے بندش سے شہری اور بورڈ کے امتحانات دینے والے طلبہ و طالبات پریشان ہیں۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ دن بدن بڑھنے لگا جس کی وجہ سے مچھروں مکھیوں نے عوام کا جینا محال کردیا۔ سکھیکی میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور اعلیٰ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناگزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 38 اور لاہور میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ حیدرآباد میں پارہ 40، سکھر میں 44، فیصل آباد، ملتان میں 38 اور اسلام آباد میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ، جنوبی و وسطی پنجاب اور جنوبی بلوچستان میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔